اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرآب
راولپنڈی میں 126 ملی میٹر سے زائد بارش، رین ایمرجنسی نافذ، تعلیمی ادارے بند
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ مختلف مقامات پر پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔
راولپنڈی میں مجموعی طور پر 126 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی ساڑھے 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے 21 فٹ تک پہنچ گیا۔
گوالمنڈی سے ملحقہ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے، جبکہ راجہ بازار، جامع مسجد روڈ اور امام باڑہ چوک میں بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔ آریہ محلہ، ملت کالونی، جاوید کالونی اور ڈھوک کھبہ سمیت متعدد نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔
چوہدری روڈ، سروس روڈ صادق آباد، ڈھوک کالا خان اور موچی بازار میں بھی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو انخلا کی ہدایت کردی۔
شدید بارش کے پیش نظر راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر جی 14 میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ آبپارہ کی مبین مارکیٹ میں اسکول کی دیوار بھی گر گئی، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
محکمہ موسمیات نے مون سون کے آٹھویں اسپیل کے تحت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔






