خیبرپختونخوا کے 2 ہزار 448 سرکاری اسکول غیر محفوظ قرار، تدریسی سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم

خیبرپختونخوا کے 2 ہزار 448 سرکاری اسکول غیر محفوظ قرار، تدریسی سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم

پشاور: خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کی خستہ حال عمارتیں طلبا اور اساتذہ کے لیے خطرہ بن گئیں، صوبے بھر میں 2 ہزار 448 اسکولوں کی عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دے دیا گیا، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے ان اداروں میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی سلامتی جانچنے کے لیے تفصیلی سیفٹی آڈٹ مکمل کیا گیا ہے، جس میں پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع کے تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا گیا۔

سیفٹی آڈٹ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 8 ہزار 928 سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 2 ہزار 448 اسکول طلبا اور تدریسی عملے کے لیے غیر محفوظ پائے گئے۔ رپورٹ میں ان عمارتوں کی موجودہ حالت کو بچوں کی جان و سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے خطرناک قرار دی گئی عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد متاثرہ اسکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ان عمارتوں کی مرمت، بحالی یا متبادل انتظامات کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے۔ والدین اور اساتذہ کے لیے بھی یہ صورتحال تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔

تعلیمی حلقوں کے مطابق بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے غیر محفوظ عمارتوں کی فوری مرمت اور نئے اسکولوں کی تعمیر ناگزیر ہے۔

More News