اسلام آباد میں پاکستان، سعودیہ، ترکیہ و مصر کے وزرائے خارجہ کی بیٹھک ختم

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اہم سفارتی پیش رفت

اسلام آباد::ویب ڈیسک

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ایک اہم سفارتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئربیس پہنچے، جبکہ دیگر وزرائے خارجہ کی آمد کے بعد چار ملکی مذاکرات کا آغاز ہوا۔

اجلاس میں خطے میں جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور قیام امن کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ابتدائی مذاکراتی دور مکمل ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جلد دوسرا مرحلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ ملاقاتیں

اجلاس سے قبل اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ترک ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، خصوصاً ایران سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کیلئے سفارتکاری کے تسلسل پر زور دیا۔

پاکستان اور مصر کے تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان

اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کو فعال بنانے اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ نے صحت کے شعبے، خصوصاً ہیپاٹائٹس سی کے خلاف اقدامات میں مصر کے تعاون کو سراہا۔ اس کے علاوہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

فریقین نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کو ناگزیر قرار دیا۔ پاکستان نے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش ظاہر کی، جبکہ مصر کے انسانی امدادی کردار کو سراہا گیا۔

دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ سفارتی سرگرمیاں خطے میں بدلتی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کے فعال کردار اور علاقائی ہم آہنگی کی کوششوں کا واضح اظہار ہیں۔

More News