خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 9 افراد جاں بحق، 47 زخمی؛ بنوں اور شمالی وزیرستان زیادہ متاثر
پشاور: جنید طورو
پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 مارچ سے جاری بارشوں کے نتیجے میں صوبے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف اضلاع میں حادثات کے باعث 9 افراد جاں بحق جبکہ 47 زخمی ہو گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 6 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ یہ حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں پیش آئے، جہاں سب سے زیادہ نقصان رپورٹ ہوا ہے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے باہمی رابطے میں ہیں۔ ادارے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر امدادی سامان فراہم کیا جائے، جبکہ بنوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو جلد مالی امداد دینے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو منگل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








