اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس میں ہزاروں پوائنٹس کا اضافہ
ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا کی مختلف اسٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا اور ابتدائی کاروبار میں ہی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ کھلتے ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 9 ہزار 728 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 56 ہزار 209 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے بڑھتے رجحان کے باعث مارکیٹ میں تیزی برقرار رہی۔
دوسری جانب کے ایس ای 30 انڈیکس میں بھی نمایاں بہتری آئی اور یہ تقریباً 6.7 فیصد تک بڑھ گیا جس کے باعث مارکیٹ میں ایک گھنٹے کے لیے ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔ اس وقت 100 انڈیکس تقریباً 9 ہزار 303 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 55 ہزار 783 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے دن اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی تھی، تاہم آج دوسرے دن کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی سامنے آئی اور ابتدائی گھنٹوں میں ہی ہزاروں پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر بھی مالیاتی منڈیوں میں بہتری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ اختتام کے قریب ہے، عالمی معیشت میں بھی مثبت اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی فوجی صلاحیت کو کافی حد تک نقصان پہنچ چکا ہے اور جنگ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، جس کے اثرات عالمی مارکیٹوں پر بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔








