اعصام الحق مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بن گئے، پاکستان نے ٹینس چیمپئن شپ میں 4 میڈلز جیت لیے

اعصام الحق مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بن گئے، پاکستان نے ٹینس چیمپئن شپ میں 4 میڈلز جیت لیے

پرتگال کے شہر لزبن میں جاری عالمی ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 میڈلز اپنے نام کرلیے۔ قومی ٹیم کی کامیابیوں میں سب سے نمایاں اعزاز تجربہ کار ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے حاصل کیا، جنہوں نے مکسڈ ڈبلز میں مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ جوڑی بنا کر ٹاپ سیڈ پرتگالی جوڑی کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد فائنل میں شکست دی۔ کامیابی کے ساتھ اعصام الحق نے اپنے گزشتہ سال کے اعزاز کا کامیابی سے دفاع بھی کرلیا، جو ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے۔

پاکستان کے لیے دوسرا بڑا اعزاز مینز 45 پلس ڈبلز میں سامنے آیا، جہاں اعصام الحق اور عقیل خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔ دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی نے پاکستان کے میڈل ٹیبل میں نمایاں اضافہ کیا۔

قومی ٹیم نے مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں مضبوط حریفوں کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔

دوسری جانب عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں بھی پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا، جس کے بعد قومی ٹیم کے مجموعی میڈلز کی تعداد چار ہوگئی۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ کامیابیاں ملک میں ٹینس کے کھیل کے لیے بھی حوصلہ افزا قرار دی جارہی ہیں۔ خاص طور پر اعصام الحق کی مسلسل دوسری عالمی چیمپئن شپ جیتنے اور عقیل خان کے متعدد میڈلز نے ثابت کیا کہ تجربہ کار پاکستانی کھلاڑی اب بھی عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

More News