خیبرپختونخوا میں سکول سے باہر 26 لاکھ بچوں کو تعلیم دلانے کا بڑا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 60 فیصد بچوں کی اسکول واپسی کا ہدف

خیبرپختونخوا میں سکول سے باہر 26 لاکھ بچوں کو تعلیم دلانے کا بڑا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 60 فیصد بچوں کی اسکول واپسی کا ہدف

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے جامع منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم، محکمہ بلدیات، محکمہ صحت اور محکمہ سماجی بہبود کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے، جہاں اعلیٰ حکام نے انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد صوبے میں اسکول سے باہر بچوں کی درست تعداد، ان کے مقامات اور تعلیمی ضروریات کا ڈیٹا مرتب کرکے انہیں دوبارہ اسکولوں تک لانا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں اسکول سے باہر بچوں کی گھر گھر گنتی اور جامع سروے کیا جائے گا۔ اس سروے کے ذریعے ہر بچے سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کی جائیں گی، جس کے بعد ایک مربوط ’ون میپ‘ نظام تشکیل دیا جائے گا۔ اس ڈیٹا کی مدد سے حکومت کو بچوں کی تعلیمی ضروریات کے مطابق بہتر منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق 2023 کی مردم شماری کے تحت خیبرپختونخوا میں 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریباً 49 لاکھ بچے موجود ہیں، جبکہ محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے تقریباً 26 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں ان اسکول سے باہر بچوں میں سے 60 فیصد کو فوری طور پر تعلیمی اداروں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت کا مقصد صرف بچوں کا اندراج کرنا نہیں بلکہ ان کی تعلیمی ضروریات اور مختلف رکاوٹوں کو بھی سمجھنا ہے تاکہ انہیں مستقل طور پر تعلیمی نظام سے جوڑا جاسکے۔

اس منصوبے کے تحت 5 سال سے کم عمر بچوں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں تعلیمی اداروں کی ضروریات، اساتذہ کی تعداد، کلاس رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی منصوبہ بندی بہتر انداز میں کی جاسکے۔

صوبائی حکومت کے مطابق مختلف محکموں کے درمیان مشترکہ حکمت عملی سے ایسے بچوں کی نشاندہی اور ان کی اسکول واپسی کے عمل کو مؤثر بنایا جائے گا جو غربت، دور دراز علاقوں، بنیادی سہولیات کی کمی یا دیگر وجوہات کی بنا پر تعلیم سے محروم ہیں۔

یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی شرح بہتر بنانے اور اسکول سے باہر بچوں کی تعداد کم کرنے کی حکومتی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جارہا ہے۔

More News