اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی پر بھی بات ہوگی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی پر بھی بات ہوگی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقاتوں کے دوران اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق انتونیو گوتریس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، صدر آصف علی زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے علاقائی اور عالمی سفارتی کردار سمیت مختلف اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل کے دورے میں پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی و ثالثی کوششوں پر بھی بات ہوگی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت میں پاکستان کے تعمیری کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

انتونیو گوتریس اپنے دورے کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا بھی دورہ کریں گے، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے اور سیلاب کے بعد پاکستان کی تیاریوں میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا و پاکستان (UNMOGIP) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔

انتونیو گوتریس کا پاکستان کا آخری دورہ 2022 میں ہوا تھا، جب انہوں نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا تھا۔ موجودہ دورے کے بعد ان کی جمعرات کو نیویارک واپسی متوقع ہے۔

More News