الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، مزید 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم

الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، مزید 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانونی اور آئینی تقاضے پورے نہ کرنے پر مزید چار سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی لسٹ کی جانے والی جماعتوں میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان، ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان جماعتوں کے خلاف کارروائی انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے، سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے اور دیگر قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہو کر 164 رہ گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کے خلاف ضابطوں کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل پاک سرزمین پارٹی، استحکام پاکستان تحریک اور پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت آٹھ سے زائد جماعتوں کی رجسٹریشن بھی مختلف وجوہات کی بنیاد پر ختم کی جا چکی ہے۔

تازہ فہرست میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو تنظیمی حیثیت کے بغیر شامل کیا گیا ہے۔

More News