ہنگو کے زخمی پولیس اہلکار قومی ہیرو قرار، آئی جی خیبر پختونخوا کی لیڈی ریڈنگ اسپتال آمد

ہنگو کے زخمی پولیس اہلکار قومی ہیرو قرار، آئی جی خیبر پختونخوا کی لیڈی ریڈنگ اسپتال آمد

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کے بلند حوصلے، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

آئی جی پولیس نے زیر علاج اہلکاروں سے ملاقات کے دوران گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون اور مکمل سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔

ذوالفقار حمید نے اسپتال میں موجود ڈاکٹروں سے زخمی اہلکاروں کی صحت اور علاج معالجے کے حوالے سے بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور پورے صوبے کے عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

آئی جی پولیس نے زخمی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی بہادری، جرات اور قربانی پولیس فورس کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے موقع پر زخمی اہلکاروں کے لیے مالی امداد کا بھی اعلان کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت کی جانب سے پورے کیے جائیں گے

More News