امریکا ایران کشیدگی سے عالمی منڈیاں دباؤ کا شکار، سونا اور چاندی سستے، تیل مہنگا ہونے کا خدشہ

امریکا ایران کشیدگی سے عالمی منڈیاں دباؤ کا شکار، سونا اور چاندی سستے، تیل مہنگا ہونے کا خدشہ

امریکا اور ایران کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ہونے والی تازہ فوجی کارروائیوں کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال بڑھ گئی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار محتاط ہو گئے جبکہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

بین الاقوامی مالیاتی رپورٹس کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک موقع پر تقریباً 1.6 فیصد کمی کے بعد 4,050 ڈالر فی اونس تک آ گئی، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں 1.4 فیصد کمی دیکھی گئی۔ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی قرار دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کے دعوے کے بعد امریکا نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی بحری راستے بدستور فعال ہیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھتی ہے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہوتی ہے تو عالمی منڈی میں خام تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل اسی اہم بحری گزرگاہ سے ہوتی ہے۔

توانائی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے عالمی سطح پر مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف ممالک کے مرکزی بینک شرح سود میں مزید اضافہ کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔

More News