انگور اڈہ واقعہ: افغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ بازار اور شہری آبادی پر افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق 27 اکتوبر کی رات انگور اڈہ بازار اور قریبی رہائشی علاقوں پر مارٹر گولے داغے گئے، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ گولہ باری سے متعدد دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار افغان طالبان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق شہری آبادی پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاک فوج کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، پاکستان اپنے شہریوں پر حملوں اور ملکی سرحدوں کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ملک کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ افواج پاکستان ملکی سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
انگور اڈہ واقعے نے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کو مزید اجاگر کیا ہے۔ مقامی آبادی کے تحفظ اور سرحدی امن کی بحالی کے لیے صورت حال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔








