حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایک درجن سے زائد ملازمین غیرحاضری پر معطل، انکوائری کا حکم

حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایک درجن سے زائد ملازمین غیرحاضری پر معطل، انکوائری کا حکم

پشاور: ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایک درجن سے زائد ملازمین کو ڈیوٹی سے غیرحاضری پر معطل کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معطل کیے جانے والے ملازمین میں کیئر ٹیکر سکندر زمان، مالی محمد تنویر احمد، شہزاد گل، راحت اللہ اور عزیز اللہ، چوکیدار احمد رؤف، سویپر مس رابعہ بی بی اور پلمبر اشفاق سمیت دیگر ملازمین شامل ہیں۔

معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس کے چیئرمین ڈی جی سپورٹس سلیم رضا ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر گل رخ اور سپرنٹنڈنٹ اصغر خان شامل ہیں۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیرحاضری سے متعلق حقائق اور حالات کا تفصیلی جائزہ لے کر پانچ دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ اس کے علاوہ تمام غیرحاضر ملازمین سے تین دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کے ذریعے ملازمین کی غیرحاضری کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا اور معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

More News