اپر دیر میں عطائیت کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن کا کریک ڈاؤن، 7 نجی مراکزِ صحت سیل

اپر دیر میں عطائیت کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن کا کریک ڈاؤن، 7 نجی مراکزِ صحت سیل

اپر دیر میں خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے عطائیت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 7 نجی مراکزِ صحت سیل کر دیے۔ یہ کارروائیاں شہریوں کو غیر مستند طبی پریکٹس اور غیر معیاری علاج سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری مہم کے تحت کی گئیں۔

ہیلتھ کیئر کمیشن کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 22 نجی مراکزِ صحت کا معائنہ کیا، جہاں طبی سہولیات، قانونی تقاضوں اور متعلقہ ضوابط پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ معائنے کے دوران متعدد مراکز میں خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق خلاف ورزیوں پر 7 نجی مراکزِ صحت کو سیل کر دیا گیا، جبکہ 9 مراکز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی گئی۔ دوسری جانب معائنے کے دوران 6 نجی مراکزِ صحت کو تسلی بخش قرار دیا گیا، جہاں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق طبی خدمات فراہم کی جا رہی تھیں۔

حکام کے مطابق عطائیت کے خاتمے اور عوام کو محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے معائنے اور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے مراکز کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

More News