ایبٹ آباد رواج شادی ہال فائرنگ کیس، جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی

ایبٹ آباد رواج شادی ہال فائرنگ کیس، جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی

ایبٹ آباد: رواج شادی ہال فائرنگ کیس میں زخمی ہونے والے الجنت پنسار سٹور جھگیاں کے مالک حکیم زاہد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق 17 اکتوبر کو ایبٹ آباد کے رواج شادی ہال میں معمولی چپقلش اور تلخ کلامی کے بعد خان پنسار سٹور جدون پلازہ کے مالک خان اعظم نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے سات قریبی رشتہ داروں کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ واقعے کے دوران جوابی کارروائی میں خان اعظم بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد پولیس حراست میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ تھانہ سکندرآباد میں دونوں اطراف سے اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق چھ روز قبل فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے وزیر کالونی پشاور کے رہائشی نصراللہ ولد شیر آغا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ گزشتہ رات حکیم زاہد کا انتقال ہوگیا۔

حکیم زاہد، طارق خان ایڈووکیٹ، حکیم عارف خان، حکیم آصف خان اور حکیم راشد خان کے چھوٹے بھائی تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ خوش مزاج اور دوسروں کی مدد کرنے والے انسان تھے۔

حکیم زاہد کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعرات سہ پہر 3 بجے ایف جی اسکول گراؤنڈ، سپلائی ایبٹ آباد میں ادا کی جائے گی۔

More News