ایبٹ آباد میں کلین اینڈ گرین مہم کا 19واں روز، سرکلر روڈ پر صفائی آپریشن جاری
ایبٹ آباد میں ڈپٹی کمشنر حمیداللہ کی ہدایات پر کلین اینڈ گرین ایبٹ آباد مہم کے تحت صفائی آپریشن جاری ہے۔ مہم کے 19ویں روز واسا کا عملہ سرکلر روڈ پر صفائی ستھرائی کے کاموں میں مصروف ہے۔
صفائی آپریشن کے دوران سڑک کے اطراف جمع کوڑا کرکٹ اٹھایا جا رہا ہے، جبکہ نالوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا، گندگی کا خاتمہ اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اس مہم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوامی مقامات کو صاف رکھا جاسکے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جاسکے۔
انتظامیہ کے مطابق شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے صفائی کے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے، جبکہ شہریوں کا تعاون بھی اس مہم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔








