پاکستان اور سعودی عرب کا میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کا میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے میڈیا، اطلاعات، نشریات، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں اور یہ محض سفارتی یا سیاسی تعلقات نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ بھی مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد کا عکاس ہے۔

وفاقی وزیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب میں ہونے والی معاشی اور ثقافتی تبدیلیوں کو سراہتے ہوئے العلا میں سیاحت کے فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنے کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، صحافیوں اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی پیش کی۔

عطاء اللہ تارڑ نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن اور تاریخی مقامات سے مالا مال ملک ہے۔

انہوں نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار پر مبنی مواد کی تیاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔

اس موقع پر سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے دونوں ممالک کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور احترام کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے ثقافت، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی حمایت کی۔

More News