ایرانی وزیر داخلہ آج پاکستان پہنچنے کا امکان، اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع
اسلام آباد: ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی کے آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، جہاں وہ پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، سرحدی سلامتی، سکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جبکہ اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام بھی پاکستانی قیادت تک پہنچائیں گے، جس میں پاک ایران تعلقات اور علاقائی سکیورٹی سے متعلق اہم نکات شامل ہوں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی صورتحال کے باعث علاقائی سلامتی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی، سکیورٹی تعاون اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔







