ایزی پیسہ نے نئے یا اضافی چارجز کی تردید کردی، بنیادی سہولیات بدستور مفت رہیں گی

ایزی پیسہ نے نئے یا اضافی چارجز کی تردید کردی، بنیادی سہولیات بدستور مفت رہیں گی

پاکستان کے معروف ڈیجیٹل والٹ اور برانچ لیس بینکنگ پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے صارفین پر نئے یا اضافی سروس چارجز عائد کیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔

ایزی پیسہ انتظامیہ کے مطابق عام رقم کی منتقلی پر اضافی ٹیکس یا نئی فیسوں سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ عام صارفین کی بنیادی سہولیات پر کسی قسم کے خفیہ یا اضافی چارجز عائد نہیں کیے گئے۔

کمپنی کی وضاحت کے مطابق ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے درمیان رقم کی منتقلی اور حکومت کے راست (Raast) نیٹ ورک کے ذریعے مالیاتی لین دین پہلے کی طرح مفت ہے۔

موجودہ شیڈول آف چارجز کے مطابق ایپ کے Add Funds فیچر کے ذریعے لنکڈ بینک اکاؤنٹ سے رقم والٹ میں منتقل کرنے پر 2 فیصد جبکہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے رقم شامل کرنے پر 3 فیصد سروس فیس عائد ہوتی ہے۔ تاہم کسی دوسرے بینک کی آفیشل ایپ کے ذریعے ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنا بدستور مفت ہے۔

دیگر بینک اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی یعنی IBFT کے لیے ماہانہ 25 ہزار روپے تک کی رقم مفت منتقل کی جاسکتی ہے۔ اس حد سے زیادہ رقم پر 0.1 فیصد فیس یا زیادہ سے زیادہ 200 روپے چارج کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ موبائل ریچارج اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی کی سہولت بھی مفت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سم کارڈ، میموری کارڈ یا اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے سے متعلق فیسیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے منظور شدہ شیڈول کے مطابق لاگو ہیں۔

More News