ایشین کرکٹ کونسل انتخابات، پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستیں جیت لیں
بنکاک میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ جنرل اجلاس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بورڈ میں ڈائریکٹرز کی تینوں نشستیں جیت لیں۔
اجلاس میں اے سی سی بورڈ کی تین نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے، جہاں پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے حمایت یافتہ امیدواروں نے تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے۔ یہ اے سی سی کے قیام کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بورڈ کی تینوں نشستیں اپنے نام کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس کامیابی کو اے سی سی صدر محسن نقوی کی اہم کامیابی اور ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔
سالانہ اجلاس میں انتخابات کے علاوہ آئندہ ایشیا کپ سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اگلے سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کو ممکنہ وینیوز کے طور پر تجویز کیا گیا۔
اجلاس میں ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ بجٹ، جبکہ دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔








