ایشین گیمز کی تیاری: پاکستان ہاکی ٹیم میں ورلڈکپ اسکواڈ برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: دورۂ کوریا اور ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی ٹیم اور مینجمنٹ کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کا دورۂ کوریا ایشین گیمز کی تیاریوں کا حصہ ہے، جہاں قومی ٹیم کو اہم مقابلوں سے قبل اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کا موقع ملے گا۔ کوریا کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان روانہ ہوگی۔
پاکستان ہاکی ٹیم 15 ستمبر کو ایشین گیمز کے لیے ایچی ناگویا پہنچے گی، جبکہ ایشین گیمز میں ہاکی کے مقابلے 18 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، جہاں قومی ٹیم کا مقابلہ ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ سے ہوگا۔ دوسری جانب پول اے میں بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، بنگلا دیش، سری لنکا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔
ورلڈکپ اسکواڈ اور مینجمنٹ کو برقرار رکھنے کے فیصلے سے ٹیم میں تسلسل برقرار رہنے کی توقع ہے۔ قومی ٹیم کی نظریں ایشین گیمز میں بہتر کارکردگی اور اہم مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے پر مرکوز ہوں گی۔







