ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی، افغان شہریوں کے لیے مبینہ جعلی شناختی دستاویزات بنانے والے نیٹ ورک کے 4 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی، افغان شہریوں کے لیے مبینہ جعلی شناختی دستاویزات بنانے والے نیٹ ورک کے 4 ملزمان گرفتار۔

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے والے نیٹ ورک کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، نادرا کا چوکیدار جنید احمد اور پرائیویٹ ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے نیٹ ورک کے بعض مبینہ روابط دہشت گرد عناصر سے ہونے کے امکانات بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More News