ایف بی آر کا پیک شدہ چائے کی پیداوار پر بڑا اقدام، ہر پیکٹ پر بارکوڈ لازمی قرار
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری کی روک تھام اور چائے کی پیداوار و فروخت میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے پیک شدہ چائے کی الیکٹرانک مانیٹرنگ لازمی قرار دے دی ہے۔ نئے حکم نامے کے تحت چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا منفرد بارکوڈ لگانا ہوگا۔
ایف بی آر نے ملک بھر میں چائے تیار کرنے، مختلف اقسام کی آمیزش اور پیکنگ کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو 10 دسمبر 2026 تک الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم نصب اور فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق بلیک ٹی، گرین ٹی، فلیورڈ ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی، چائے کے عرق اور چائے سے تیار کردہ پری مکسز سمیت تمام اقسام کی پیک شدہ چائے پر ہوگا۔
نئے ضوابط کے مطابق ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کرانا لازمی ہوگا، جبکہ پیداوار اور پیکنگ کا ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل کیا جائے گا۔ نئی مصنوعات یا موجودہ پیکنگ میں تبدیلی کی صورت میں متعلقہ تفصیلات کم از کم سات روز پہلے رجسٹر کرانا ہوں گی۔
حکم نامے کے تحت دستی طریقے سے چائے پیک کرنے والی کمپنیوں کو بھی اسکیننگ کا انتظام کرنا ہوگا۔ بارکوڈ ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر پابندی ہوگی اور الیکٹرانک نگرانی کے بغیر چائے کے پیکٹ فیکٹری سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایف بی آر نے اس نظام کے نفاذ کے لیے چار مجاز وینڈرز بھی نامزد کیے ہیں، جبکہ متعلقہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو تمام کمپنیوں کی رجسٹریشن اور عمل درآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔








