عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان، برینٹ 95 ڈالر فی بیرل پر آگیا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، امریکا کی جانب سے ایران پر تیل کی ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک سینٹ کی کمی کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 20 سینٹ یا 0.25 فیصد کمی کے ساتھ 88.52 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ہفتے مجموعی طور پر 2.4 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 2.5 فیصد کم ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے بغیر بھی ناکہ بندی برقرار رکھنے کے اشارے نے مارکیٹ میں نئی صورتحال پیدا کردی ہے۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، بحری جہازوں پر حملوں اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات کے باعث عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں کا مستقبل مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی سپلائی کے تسلسل سے جڑا ہوا ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔








