ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 10 نومبر سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے زیر اثر مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر تک بارش متوقع ہے۔ بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔ اس دوران پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ان علاقوں کے بلند پہاڑی مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا امکان بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آج رات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 اور 13 نومبر کو بارش متوقع ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم 11 اور 12 نومبر کو چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، جبکہ شدید برفباری کی صورت میں بعض راستے بند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ شہریوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کسانوں کو بھی متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مزید برآں بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان ہے، جس کے باعث ڈرائیورز کو دوران سفر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News