ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے واپس لے لیا گیا، نئی کمپنی نرخ طے کرے گی

ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے واپس لے لیا گیا، نئی کمپنی نرخ طے کرے گی

لاہور: حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین اور فروخت کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے قیمت مقرر کرنے کا اختیار آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے لے لیا ہے۔ آئندہ ایل پی جی کی قیمت کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، سوئی گیس اور دیگر آئل کمپنیوں پر مشتمل نئی کمپنی کرے گی۔

وزارت پیٹرولیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت اور قیمتوں میں من مانی روکنا اور صارفین کو سرکاری نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ نئی کمپنی آئندہ ماہ کے لیے ایل پی جی کی قیمت مقرر کرے گی، جس پر تمام ڈسٹری بیوٹرز اور دکانداروں کو عمل کرنا ہوگا۔

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایل پی جی صرف منظور شدہ پمپس اور قانونی دکانوں پر فروخت کی جائے گی، جبکہ مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے اور غیر قانونی طریقے سے گیس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جرمانوں اور دکانیں سیل کرنے جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکومت نے گیس سلنڈروں کے حادثات کی روک تھام کے لیے بھی نئے اقدامات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صارفین کو خالی سلنڈر دے کر بھرا ہوا سلنڈر حاصل کرنا ہوگا، جبکہ صرف اوگرا سے منظور شدہ کمپنیوں کے معیاری سلنڈروں میں ایل پی جی فراہم کی جائے گی۔ غیر معیاری سلنڈروں میں گیس بھرنے پر پابندی ہوگی۔

دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت انہیں سبسڈائز نرخوں پر معیاری سلنڈر فراہم کرے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیلرز غیر قانونی فروخت اور غیر معیاری سلنڈروں کے استعمال کے خلاف حکومتی اقدامات پر تعاون کے لیے تیار ہیں۔

More News