ٹیکنالوجی دنیا بھر میں ریاستوں اور معاشروں کو تبدیل کر رہی ہے، شزا فاطمہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی دنیا بھر میں ریاستوں اور معاشروں کی تشکیلِ نو کر رہی ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت نے اس تبدیلی کی رفتار کو مزید تیز کر دیا ہے۔ پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے عالمی رجحانات کے مطابق اپنی ڈیجیٹل ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی نے کہا کہ تعلیم، صحت، مالیات اور قومی سلامتی سمیت زندگی کا کوئی شعبہ ٹیکنالوجی کے اثرات سے محفوظ نہیں۔ آج یہ اہم سوال ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں ہماری سوچ، ترجیحات اور سماجی رویوں کی تشکیل کون کر رہا ہے۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ڈیجیٹل تبدیلی نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید مہارتوں، جدت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے عالمی اور ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ایک ارب ڈالر متحرک کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے بنیادی کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی عسکری کامیابی کے ساتھ سائبر صلاحیتوں کا بھی اظہار ہوا۔ سائبر دفاع قومی سلامتی کا اہم جزو بن چکا ہے اور پاکستان اپنی خودمختار تکنیکی صلاحیتوں اور سائبر سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خودمختاری، سائبر سکیورٹی اور نوجوانوں کی جدید ٹیکنالوجی میں تربیت پاکستان کی ڈیجیٹل ترقیاتی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔







