اینڈرائیڈ 6 فونز پر یوٹیوب ایپ کی سپورٹ ختم، لاکھوں صارفین متاثر ہونے کا امکان
دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب نے پرانے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 6 (Marshmallow) آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونز کے لیے یوٹیوب ایپ کی سپورٹ بتدریج ختم کی جا رہی ہے، جس کے بعد لاکھوں صارفین کو ایپ استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جولائی 2026 کے اختتام کے بعد یوٹیوب ایپ کو استعمال کرنے کے لیے کم از کم اینڈرائیڈ 7 (Nougat) یا اس سے جدید آپریٹنگ سسٹم درکار ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد ایپ کی سیکیورٹی، کارکردگی اور نئے فیچرز کو بہتر انداز میں صارفین تک پہنچانا ہے۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ اینڈرائیڈ 6 پر چلنے والے فونز میں یوٹیوب ایپ اچانک بند نہیں ہوگی اور نہ ہی صارفین کا ڈیٹا حذف ہوگا۔ تاہم وقت کے ساتھ ایپ میں مختلف مسائل سامنے آنا شروع ہو جائیں گے اور صارفین کو ایپ کھولنے پر “Switch to YouTube” کا پیغام نظر آئے گا، جس کے بعد انہیں خودکار طور پر فون کے ویب براؤزر میں یوٹیوب کی موبائل ویب سائٹ پر منتقل کر دیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یوٹیوب ایپ میں مسلسل نئے فیچرز، سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات شامل کی جا رہی ہیں، جنہیں پرانے آپریٹنگ سسٹمز مناسب انداز میں سپورٹ نہیں کر پاتے۔ یہی وجہ ہے کہ گوگل وقتاً فوقتاً پرانے اینڈرائیڈ ورژنز کے لیے سپورٹ ختم کرتا رہتا ہے تاکہ صارفین کو بہتر، محفوظ اور تیز رفتار تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
اگر آپ اب بھی اینڈرائیڈ 6 پر مشتمل اسمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں تو یوٹیوب تک رسائی برقرار رکھنے کے لیے دو آپشنز موجود ہیں۔ پہلا یہ کہ آپ موبائل براؤزر کے ذریعے youtube.com استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ دوسرا اور زیادہ مؤثر حل یہ ہے کہ آپ ایسا اسمارٹ فون استعمال کریں جس میں اینڈرائیڈ 7 یا اس سے جدید ورژن موجود ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے موبائل فونز استعمال کرنے والے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے ڈیوائس کا اینڈرائیڈ ورژن چیک کریں اور اگر ممکن ہو تو اسے اپ ڈیٹ کریں، تاکہ یوٹیوب سمیت دیگر گوگل ایپس کی نئی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے اور مستقبل میں کسی قسم کی تکنیکی مشکلات سے بچا جا سکے۔








