پشاور: پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکہ، 2 اہلکار زخمی

پشاور: پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکہ، 2 اہلکار زخمی

پشاور کے علاقے پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے مبینہ طور پر آئی ای ڈی دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی۔

ریسکیو 1122 پشاور کے مطابق انہیں پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر میڈیکل اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کو واقعے کے فوراً بعد پولیس کی جانب سے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت، استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد اور حملے میں ملوث عناصر کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ دوسری جانب سیکیورٹی اداروں نے شہر کے حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے اور شہریوں سے مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دینے کی اپیل کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

More News