ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون اور آئی فون 18 سیریز کی رونمائی کی تاریخ سامنے آگئی

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون اور آئی فون 18 سیریز کی رونمائی کی تاریخ سامنے آگئی

ایپل رواں سال آئی فون 18 سیریز کے ساتھ اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل 9 ستمبر کو آئی فون 18 سیریز متعارف کرائے گا۔ ایونٹ میں آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون کو آئی فون الٹرا کے نام سے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی سمیت دیگر مصنوعات بھی ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔

لیک رپورٹس کے مطابق ایپل اس بار آئی فون متعارف کرانے کے طریقہ کار میں تبدیلی کر رہا ہے۔ اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جبکہ پرو ماڈلز اور فولڈ ایبل آئی فون کو رواں سال ہی پیش کیا جاسکتا ہے۔

فولڈ ایبل آئی فون ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون ہوسکتا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز سے زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ممکنہ طور پر آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالرز سے بڑھ کر 1199 ڈالرز ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ریم اور دیگر چپس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہوسکتی ہیں۔

تاہم ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کی حتمی قیمتوں اور تمام ماڈلز کی تفصیلات کا باضابطہ اعلان لانچ ایونٹ کے موقع پر ہی متوقع ہے۔

More News