بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کے حوالے سے سخت پیغام دیا، شیر افضل مروت

بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کے حوالے سے سخت پیغام دیا، شیر افضل مروت

اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی بہن علیمہ خان کے حوالے سے سخت پیغام دیا ہے، جس کے بعد وہ گزشتہ تین روز سے منظرعام سے غائب ہیں۔

سما کے پروگرام دوٹوک میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نورین نیازی سے ملاقات کے دوران علیمہ خان کی سیاسی اور احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کو اسٹریٹ موومنٹ میں حصہ لینے سے روکنے کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ وہ احتجاجی سرگرمیوں میں کیوں شریک ہو رہی ہیں۔ شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو بھی ہدایت کی کہ علیمہ خان کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اس پیغام کے بعد علیمہ خان گزشتہ تین روز سے منظرعام پر دکھائی نہیں دیں۔

پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عدالتی ریلیف سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے بھی لاعلم تھے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سوال اٹھایا کہ سپریم کورٹ سے رجوع کیوں کیا گیا اور کیا اس معاملے میں کسی قسم کی ڈیل کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے یہ سوال بھی کیا کہ انہیں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کیوں ملایا جا رہا ہے۔

شیر افضل مروت کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی کے اندر سیاسی حکمت عملی، احتجاجی سرگرمیوں اور قیادت کے مختلف فیصلوں کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ تاہم علیمہ خان کی جانب سے ان دعوؤں پر اس خبر کے وقت کوئی براہِ راست مؤقف سامنے نہیں آیا۔

More News