باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، فٹ پاتھ اور راستے کلیئر کر دیے گئے
خیبر: ضلعی انتظامیہ خیبر کی جانب سے باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ نے نائب تحصیلدار فہیم آفریدی، ٹی ایم اے باڑہ، ٹریفک پولیس اور خیبر پولیس کے ہمراہ مشترکہ گرینڈ آپریشن کیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا آغاز نیازی مارکیٹ سے کیا گیا، جو سراج الدین مدرسہ سے ہوتے ہوئے شلوبر باڑہ تک جاری رہی۔ آپریشن کے دوران فٹ پاتھوں اور راستوں پر قائم عارضی و مستقل تجاوزات مسمار کر دی گئیں، جبکہ ملبے اور تجاوزات سے حاصل ہونے والے مواد کو بھی سڑکوں سے ہٹا دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد بازار میں ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت بہتر بنانے کے لیے راستے صاف کر دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج شام تک اپنی عارضی و مستقل تجاوزات رضاکارانہ طور پر ہٹا لیں۔ انتظامیہ کے مطابق آپریشن کل بھی اسی مارکیٹ کے باقی ماندہ حصوں میں جاری رہے گا۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت تک تجاوزات ختم نہ کرنے یا کارروائی میں عدم تعاون کی صورت میں متعلقہ حکام خود تجاوزات ہٹائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔








