بجلی کے پرانے میٹر تبدیل ہوں گے؟ اسمارٹ میٹرز منصوبے کی تفصیلات سامنے آگئیں

بجلی کے پرانے میٹر تبدیل ہوں گے؟ اسمارٹ میٹرز منصوبے کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: ملک بھر میں روایتی بجلی کے میٹروں کی جگہ جدید اے ایم آئی (ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر) یا اسمارٹ میٹرز لگانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کے تحت دسمبر 2026 تک لاکھوں صارفین کو نئے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے مطابق اسمارٹ میٹرز کے ذریعے بجلی کے استعمال کی معلومات خودکار انداز میں کنٹرول سینٹر تک پہنچ جاتی ہیں، جس سے میٹر ریڈنگ میں انسانی مداخلت کم ہونے کے ساتھ ساتھ اوور بلنگ اور غلط ریڈنگ کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس جدید نظام کی بدولت بجلی چوری، میٹر ٹیمپرنگ اور لائن لاسز کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہو سکے گی، جبکہ بلنگ کے نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے مطابق اب تک تقریباً 12 لاکھ اسمارٹ میٹر نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں مزید 30 لاکھ میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

توانائی ڈویژن کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، حیدرآباد، سکھر، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بھی مرحلہ وار اسمارٹ میٹرز نصب کیے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد بجلی کی چوری کی روک تھام، بلنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے۔

More News