برطانیہ میں گھریلو بجلی کے بلوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ختم کرنے کا اعلان

برطانیہ میں گھریلو بجلی کے بلوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ختم کرنے کا اعلان

برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے گھریلو بجلی کے بلوں پر عائد 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی حکومت کے مطابق یکم اکتوبر 2026 سے گھریلو بجلی کے بلوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد سے کم کرکے صفر فیصد کردیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو بڑھتی مہنگائی اور زندگی کے بڑھتے اخراجات کے باعث فوری مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

حکومت کے مطابق ٹیکس ختم ہونے سے ایک اوسط صارف کے سالانہ بجلی کے بل میں تقریباً 45 پاؤنڈ تک کمی متوقع ہے، جبکہ یہ ریلیف گزشتہ بجٹ میں فراہم کیے گئے 150 پاؤنڈ کے امدادی پیکیج کے علاوہ ہوگا۔

وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے عوام مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی کے بڑھتے بوجھ کا سامنا کر رہے ہیں، نئی حکومت کا مقصد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کی زندگی آسان بنانا ہے۔

برطانوی وزیر خزانہ جان ہیلی کے مطابق اس اقدام پر رواں مالی سال کے دوران تقریباً 85 کروڑ پاؤنڈ لاگت آئے گی، جس کے اخراجات پورے کرنے کے لیے حکومت نے ڈیجیٹل شناختی پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام پر آئندہ تین برسوں کے دوران تقریباً ایک ارب 80 کروڑ پاؤنڈ خرچ ہونے تھے۔

حکام کے مطابق گھریلو نرخوں پر بجلی استعمال کرنے والے بعض چھوٹے کاروبار، خیراتی ادارے اور رہائشی نگہداشت کے مراکز بھی اس ٹیکس ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ اور ایران میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو اخراجات بڑھے ہیں، اس لیے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

More News