کاغان میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں جاگری، 2 نوجوان جاں بحق، 3 زخمی
مانسہرہ کے سیاحتی علاقے کاغان میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خان پور سے ناران کاغان کی سیر کے لیے جانے والی سیاحوں کی کار کاغان کی پہاڑی سڑک پر بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے میں خان پور کے 22 سالہ حمزہ قدیر اور نواب شاہ کے 20 سالہ عرفان مغل جاں بحق ہوئے، دونوں آپس میں کزن تھے۔
حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں اسامہ بھی شامل ہے، جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی خان پور میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ جاں بحق نوجوانوں کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔








