بلاول کے پنجاب کے شہروں کی صورتحال پر سوالات، مریم اورنگزیب نے ویڈیو جاری کرکے جواب دیدیا

بلاول کے پنجاب کی صورتحال پر سوالات، مریم اورنگزیب نے ویڈیوز جاری کر کے جواب دے دیا

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پنجاب کے مختلف شہروں کی صورتحال پر اٹھائے گئے سوالات کے بعد پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ویڈیو ثبوت جاری کرتے ہوئے ان کے الزامات کا جواب دے دیا۔

آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں صفائی، شہری سہولیات اور انتظامی کارکردگی پر سوالات اٹھائے تھے۔ ان کے بیان کے بعد مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر مختلف شہروں کی تازہ ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ زمینی حقائق بلاول کے مؤقف سے مختلف ہیں۔

مریم اورنگزیب نے خاص طور پر وہاڑی اور قصور سے متعلق بلاول بھٹو کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے ان شہروں کی سڑکوں، گلیوں اور صفائی کی صورتحال پر مبنی ویڈیوز جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہری سہولیات کی بہتری، صفائی کے نظام اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

سینئر وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام خود ان ویڈیوز کے ذریعے زمینی حقائق کا جائزہ لے سکتے ہیں اور فیصلہ کر سکتے ہیں کہ صوبے میں ترقیاتی اور صفائی کے حوالے سے کیا کام ہو رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں بلاول بھٹو اور مریم اورنگزیب کے درمیان یہ بیانات سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بن گئے ہیں، جہاں مختلف صارفین اپنی اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔

More News