بلغاریہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 86 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 11 افراد ہلاک، 50 زخمی

بلغاریہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 86 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 11 افراد ہلاک، 50 زخمی

یورپی ملک بلغاریہ میں شدید دھند کے باعث ٹریشیا موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 86 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔

حادثہ شہر یامبول کے قریب صوفیہ کو بحیرہ اسود کے ساحلی شہر برگاس سے ملانے والی اے ون ٹریشیا موٹروے پر پیش آیا۔ تصادم میں کاریں، بسیں، وینز اور بھاری ٹرک شامل تھے، جبکہ متعدد گاڑیاں الٹ گئیں اور کئی مسافر ملبے میں پھنس گئے۔

مقامی حکام کے مطابق موٹروے پر دو بڑے سلسلہ وار حادثات پیش آئے۔ پہلا حادثہ برگاس جانے والی لین میں صبح تقریباً 7 بج کر 10 منٹ پر ہوا، جس کے کچھ ہی دیر بعد صوفیہ جانے والی مخالف سمت میں بھی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

حکام کے مطابق متاثرہ گاڑیوں میں سے 63 برگاس جبکہ 23 صوفیہ جانے والی سمت میں تھیں۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

شدید دھند کے باعث پیش آنے والے اس بڑے حادثے نے موٹروے پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر کیا، جبکہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

More News