خیبرپختونخوا میں موسم تبدیل ہونے کی پیشگوئی، بارش اور برفباری کا امکان
10 سے 14 نومبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک متوقع، بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ 12 نومبر کو موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان
پشاور: خیبرپختونخوا میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے 10 سے 14 نومبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بالائی علاقوں کے پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبے میں داخل ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق 10 نومبر کی شام سے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔ ان اضلاع کے بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوسکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
اسی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 12 نومبر کو مغربی ہواؤں کا یہ موسمی نظام مزید مضبوط ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ بارشوں کا سلسلہ 14 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔
موسمی تبدیلی کے پیش نظر بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے اور سرد موسم کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ بالخصوص چترال، دیر، سوات، کوہستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث معمولات زندگی اور آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں، مسافروں اور بالائی علاقوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوسکتی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور سفر میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاح سفر سے قبل سڑکوں اور موسمی حالات کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔







