بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میںب مزید 4 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان بدستور جاری ہے، جس کے دوران فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مزید 4 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران اب تک 83 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 121 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں، اسلحہ کے ذخائر اور سپلائی لائنز کو تباہ کرنا ہے، جبکہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں تاکہ دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔








