بلوچستان میں بعض سردار دہشت گردی میں براہِ راست ملوث ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حوالے سے جان بوجھ کر منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور بعض عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لیے حالات کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان میں بعض سردار دہشت گردی میں براہِ راست ملوث ہیں اور ان کی جانب سے یہ کہا جاتا ہے کہ اگر انہیں حصہ نہ دیا جائے تو وہ دہشت گردی کی کارروائیاں کرائیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں اور ان کے پاس صرف دو راستے ہیں، یا تو وہ ہتھیار ڈال دیں یا پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط ریاست وہی ہوتی ہے، جہاں تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق چلائے جائیں اور ہر شہری اپنی آئینی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے ساتھ وفاداری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ملک کی سلامتی ہی تمام شہریوں کے حقوق کی ضامن ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بعض حلقے صرف حقوق کی بات کرتے ہیں، جبکہ فرائض کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے معاملات کو حقائق کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق درست تصویر سامنے آ سکے۔




