بنوں میں سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، متعدد مشتبہ افراد گرفتار

بنوں میں سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، متعدد مشتبہ افراد گرفتار

بنوں: ضلع بنوں کے علاقے میریان میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک نامعلوم دہشتگرد کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات پر ڈی پی او بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال کی نگرانی میں تھانہ میریان کی حدود میں خنی کلے، بارکزئی اور گردونواح میں کی گئی۔

آپریشن میں ایس پی سی ٹی ڈی بنوں فضل واحد خان، ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز، کوئیک رسپانس فورس اور سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک نامعلوم دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشتگرد کی لاش قبضے میں لے کر شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 3 میگزین اور ایک بندولیر برآمد ہوا، جبکہ علاقے میں سرچ اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے کامیاب کارروائی پر پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شاباش دی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے جوان بہادری اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بنوں میں امن کے قیام اور دہشتگردی و جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کیے جا رہے ہیں۔

ڈی پی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

More News