بنگلادیشی حکومت نے ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ نامی بھینسے کی قربانی عین وقت پر رکوا دی

سنہرے بالوں والے نایاب سفید بھینسے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

بنگلادیش میں ایک نایاب سفید بھینسا، جسے اس کے منفرد سنہرے بالوں کی وجہ سے لوگوں نے “ڈونلڈ ٹرمپ” کا نام دے رکھا تھا، عیدالاضحیٰ پر قربانی سے بالآخر بچ گیا۔ بنگلادیشی حکومت نے عوامی دلچسپی اور سکیورٹی خدشات کے باعث آخری لمحے میں مداخلت کرتے ہوئے اس جانور کی قربانی رکوا دی۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق یہ سفید بھینسا اپنی غیر معمولی شکل و صورت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا تھا۔ اس کے سنہرے بال اور پرسکون طبیعت نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی تھی، جبکہ کئی افراد نے اس کی مشابہت سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بالوں سے دیتے ہوئے اسے “ڈونلڈ ٹرمپ بھینسا” کہنا شروع کر دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم جیسے ہی اس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، لوگ دور دراز علاقوں سے اسے دیکھنے کے لیے آنے لگے۔ شہری نہ صرف اس نایاب جانور کو دیکھنے میں دلچسپی لے رہے تھے بلکہ اس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنوا رہے تھے۔

بنگلادیشی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عوام کے بڑھتے ہوئے ہجوم اور سکیورٹی خدشات کے باعث حکومت نے فوری مداخلت کا فیصلہ کیا۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے حکم جاری کیا کہ بھینسے کو قربانی سے بچایا جائے اور اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔

حکومت نے قربانی کے لیے بھینسا خریدنے والے شخص کو مکمل رقم واپس کر دی، جبکہ جانور کو ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا، جہاں اب عوام اسے محفوظ ماحول میں دیکھ سکیں گے۔

ابتدائی طور پر یہ ایک عام قربانی کا جانور تھا، مگر سوشل میڈیا نے اسے راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ اب یہ نایاب بھینسا بنگلادیش میں عیدالاضحیٰ کے دوران سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والے جانوروں میں شامل ہو چکا ہے۔

More News