بونیر میں غیرقانونی بس اڈوں اور پارکنگ مقامات کے خلاف کارروائی کا حکم، 3 روز میں رپورٹ طلب

بونیر میں غیرقانونی بس اڈوں اور پارکنگ مقامات کے خلاف کارروائی کا حکم، 3 روز میں رپورٹ طلب

بونیر: کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے غیرقانونی بس اڈوں، ٹرمینلز، رینٹ اے کار اسٹینڈز، پارکنگ مقامات اور گڈز فارورڈنگ ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ بونیر کو تین روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جاری مراسلے کے مطابق ڈپٹی کمشنر بونیر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیل میونسپل افسران (ٹی ایم اوز) کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں جامع سروے کرکے غیرقانونی ٹرانسپورٹ اڈوں اور پارکنگ مقامات کی نشاندہی کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے باعث صوبائی خزانے کو محصولات کی مد میں نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ عوام کو بھی مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انتظامیہ کو قانونی بس اڈوں اور دیگر منظور شدہ مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کو کارروائیوں، خلاف ورزیوں اور معائنے کی تفصیلی رپورٹ تین روز کے اندر جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

More News