بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے، فیلڈ مارشل

بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے، فیلڈ مارشل

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردوں کو جہاں بھی موجود ہوں گے، بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات سیکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی مہم پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دی جائے گی۔

انہوں نے پاکستانی عوام، شہدا اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک میں امن و استحکام کے لیے عزم کا اظہار کیا۔

More News