دہشت گردی کے خلاف جنگ سیاسی لڑائی نہیں بلکہ بقا کی جنگ ہے، ثمر ہارون بلور
خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی سیاسی جماعت کی لڑائی نہیں بلکہ ہم سب کی بقا کی جنگ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
ثمر ہارون بلور نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور ان کی ٹیم متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کی سربراہی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، تاہم مؤثر نتائج کے لیے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی ہمارے ہیروز ہیں، جنہیں جدید اسلحہ، حفاظتی آلات، جدید گاڑیاں اور ضروری دفاعی نظام فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ وہ دہشت گردی کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرسکیں۔
ثمر ہارون بلور نے باجوڑ سمیت خیبرپختونخوا کے محروم علاقوں میں بچوں کو جدید تعلیم اور تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے تربیتی مراکز کے قیام اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ انہیں بہتر مستقبل کے مواقع میسر آسکیں۔








