بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے لیے اہم اعلان، مفت سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر مقرر
اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کے لیے مفت سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2026 مقرر کردی ہے۔ حکام کے مطابق پروگرام سے مالی امداد حاصل کرنے والی تمام اہل خواتین کو مقررہ تاریخ تک قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے مفت سم حاصل کرنا ہوگی۔
بی آئی ایس پی حکام نے خبردار کیا ہے کہ جن مستحق خواتین نے تاحال اپنی مفت ’’بینظیر سم‘‘ حاصل نہیں کی، انہیں سہ ماہی مالی امداد کی وصولی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد متعلقہ دفتر کا دورہ کرکے سم کے اجرا اور تصدیق کا عمل مکمل کریں۔
حکام کے مطابق سم کا اجرا مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹ سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے مالی امداد کی منتقلی اور ادائیگی سے متعلق پیغامات موصول ہوں گے۔ بی آئی ایس پی نے اس اقدام کو شفاف اور بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
سم حاصل کرنے کے لیے کیا ضروری ہے؟
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ایک ای کچہری کے دوران مستحق خواتین کو ہدایت کی کہ جنہوں نے ابھی تک بی آئی ایس پی دفتر سے سرکاری مفت سم حاصل نہیں کی یا کسی دوسرے ذریعے سے حاصل کردہ سم استعمال کر رہی ہیں، وہ اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے آفیشل سم ضرور حاصل کریں۔
خواتین کو سم حاصل کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور اپنا ذاتی موبائل فون ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سم کی تنصیب بھی متعلقہ عملے سے موبائل فون میں کروانے کا کہا گیا ہے۔
ڈیجیٹل والٹ سے ادائیگی کیسے ہوگی؟
بی آئی ایس پی کے مطابق جب مالی امداد ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوگی تو متعلقہ بینک کی جانب سے مستحق خاتون کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔ رقم نکلوانے کے بعد بھی تصدیقی پیغام موصول ہوگا، جس میں منتقل اور وصول کی جانے والی رقم کی تفصیلات درج ہوں گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ رقم وصول کرنے کے لیے موبائل فون کسی ایجنٹ کے حوالے کرنے کی ضرورت نہیں۔ نقد رقم نکلوانے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق کافی ہے۔
فراڈ سے بچنے کی ہدایت
بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا موبائل فون اور رجسٹرڈ نمبر اپنے پاس رکھیں تاکہ اہم پیغامات یا معلومات کسی دوسرے شخص کی جانب سے حذف نہ کی جا سکیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ بی آئی ایس پی کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام ادائیگیاں اور خدمات مفت ہیں۔ مستحق خواتین کو کسی بھی قسم کی فیس یا رقم کا مطالبہ کرنے والے افراد سے محتاط رہنے اور ممکنہ فراڈ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مستحق خواتین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 10 ستمبر کی آخری تاریخ سے قبل اپنی مفت بینظیر سم حاصل کرکے ضروری تصدیقی مراحل مکمل کرلیں تاکہ سہ ماہی مالی امداد کے حصول میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔







