تحصیل شیواہ: قوم میسمون خیل اور بڈا خیل کا اتحاد، انتظامیہ سے تحریری ضمانت کا مطالبہ
تحصیل شیواہ میں قوم میسمون خیل اور قوم بڈا خیل نے گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے زمین کی فراہمی کے معاملے پر مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے تحریری ضمانت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے ساتھ دونوں اقوام کے رہنماؤں اور نمائندوں کی اہم نشست ہوئی، جس میں زمین کے تحفظ، معاوضے اور منصوبے سے متعلق شرائط پر گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں دونوں اقوام نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے 22 فٹ زمین فراہم کرنے پر تیار ہیں، تاہم انتظامیہ پہلے تحریری ضمانت دے کہ مقررہ زمین کے علاوہ سکیورٹی یا کسی دوسرے نام پر اضافی زمین حاصل نہیں کی جائے گی۔
نمائندوں نے واضح کیا کہ زمین کی قیمت اور معاوضے سے متعلق مذاکرات تحریری یقین دہانی ملنے کے بعد کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے مخالف نہیں، لیکن زمین اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام شرائط پہلے سے واضح اور شفاف ہونی چاہییں۔
دونوں اقوام کے مشترکہ مؤقف کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے تحریری ضمانت اور شفاف طریقہ کار اختیار کیے جانے کی صورت میں منصوبے کے حوالے سے تعاون کیا جائے گا۔
علاقائی مکینوں نے دونوں اقوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کو باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے حل کرے گی۔








