تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم، بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم، بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) نے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی سرنگ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد منصوبے کا دو روزہ تفصیلی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بحالی کے اقدامات فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین واپڈا نے گزشتہ روز اور آج دن بھر منصوبے کے ان ٹیک اسٹرکچر، ٹنل، پاور ہاؤس سمیت تمام اہم مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر واٹر واپڈا انجینئر عاصم رؤف خان، سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔ انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال، واقعے کے بعد اٹھائے گئے اقدامات اور بحالی کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں واقعے کی ممکنہ وجوہات اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فوری نوعیت کے اقدامات کو حتمی شکل دی گئی، جن پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔

واپڈا، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کی مشترکہ ٹیم کے جائزے کے مطابق تربیلا مین ڈیم اور دیگر اہم اسٹرکچرز کو کوئی خطرہ نہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کنسلٹنٹس کو واقعے کے تمام پہلوؤں پر جامع رپورٹ جلد پیش کرنے اور بحالی کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہنگامی پلان کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا تاکہ منصوبے کی تکمیل میں ممکنہ تاخیر کم سے کم رکھی جا سکے۔

چیئرمین واپڈا نے واقعے کی جامع تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دے دیا ہے، جبکہ ابتدائی جائزہ رپورٹ وزارت آبی وسائل کو بھجوا دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو بھی واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور چیئرمین واپڈا نے انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبہ ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کی پیداواری صلاحیت 1,530 میگاواٹ ہے۔ منصوبے کے لیے عالمی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

 

More News