کیش لیس نظام کے فروغ سے عوامی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

کیش لیس نظام کے فروغ سے عوامی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں کیش لیس نظام کو فروغ دے کر عوام کو درپیش متعدد مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سرکاری محکموں میں آن لائن ادائیگیوں کا مؤثر، شفاف اور مربوط نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نثار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر کو آئی ٹی بورڈ کی مجموعی کارکردگی، ڈیجیٹل خیبرپختونخوا پالیسی 2030، نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرامز اور مختلف تربیتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل گورننس، آئی ٹی پارکس، دستک ایپ، خیبر پاس، پامیر پیمنٹ گیٹ وے اور ڈیجیٹل سروس ڈیلیوری سمیت مستقبل کے منصوبوں، ترجیحات اور اہداف پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر گورنر نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے سرکاری محکموں میں آن لائن ادائیگیوں کے نظام کو مؤثر اور شفاف بنانے پر بھی زور دیا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام کے ذریعے ادائیگیوں میں آسانی، شفافیت اور عوامی سہولیات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔

گورنر نے ڈیجیٹل منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

More News