تربیلا ڈیم سے 150 ہزار کیوسک سے زائد پانی کے اخراج کا امکان، صوابی کے عوام کے لیے الرٹ جاری
صوابی: تربیلا ڈیم حکام نے دریائے سندھ میں پانی کے زیادہ اخراج کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک سے زائد پانی کا اخراج 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام الناس کو بھی محتاط رہنے اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہری دریائے سندھ کے کناروں پر جانے سے گریز کریں اور دریا میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے اجتناب کریں۔ والدین کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔
اس کے علاوہ مویشیوں کو بھی تیز بہاؤ والے پانی کے علاقوں سے دور رکھنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں۔ ضلع صوابی کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور حفاظتی اقدامات پر سنجیدگی سے عمل کریں۔








